Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کرکٹ آسٹریلیا نے سالانہ ایوارڈز تقریب ورچوئل طور پر منعقد کرنے کا فیصلہ کر لیا

کرکٹ آسٹریلیا نے 2025 کے آسٹریلوی کرکٹ ایوارڈز کی تقریب منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ تقریب روایتی طور پر ہر سال جنوری کے آخری ہفتے یا فروری کے پہلے ہفتے میں میلبورن کے کراؤن پیلاڈیم میں منعقد کی جاتی تھی۔

کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق مینز اور ویمنز ٹیموں کے مصروف بین الاقوامی شیڈول کے باعث تمام کھلاڑیوں کو ایک مقام پر جمع کرنا ممکن نہیں ہو سکا۔

بیان میں بتایا گیا کہ آسٹریلوی مینز ٹیم 8 جنوری کو سڈنی میں ایشز سیریز مکمل کرے گی اور اس کے فوراً بعد سری لنکا روانہ ہو جائے گی، جہاں 2026 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے متعلق شیڈول طے ہے۔

دوسری جانب آسٹریلوی ویمنز ٹیم بھارت کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کی سیریز 15 فروری سے کھیلے گی، جس کی وجہ سے ویمنز کھلاڑیوں کی دستیابی بھی ممکن نہیں ہو سکی۔

کرکٹ آسٹریلیا نے فیصلہ کیا ہے کہ ایلن بورڈر اور بیلینڈا کلارک کے نام سے منسوب ایوارڈز اس سال ورچوئل طور پر پیش کیے جائیں گے۔

یہ پہلی مرتبہ ہوگا کہ کسی بھی فاتح کھلاڑی کو براہِ راست تقریب میں ایوارڈ نہیں مل سکے گا۔