پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں توسیع کے عمل کے تحت دو نئی ٹیموں کے لیے بڈنگ میں غیر معمولی دلچسپی سامنے آئی ہے، جہاں مجموعی طور پر 12 پارٹیوں نے ٹینڈر کے عمل میں حصہ لیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق نئی فرنچائزز کے لیے بڈنگ کو بھرپور پذیرائی ملی ہے، جو لیگ کی بڑھتی ہوئی عالمی مقبولیت کا واضح ثبوت ہے۔
ذرائع کے مطابق امریکا، آسٹریلیا، کینیڈا، متحدہ عرب امارات اور پاکستان کی مختلف کمپنیوں نے بڈنگ کے عمل میں شرکت کی، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پی ایس ایل اب پانچ براعظموں میں سرمایہ کاروں کی توجہ حاصل کر چکی ہے۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ دو نئی پی ایس ایل ٹیموں کے لیے بڈنگ کے نتائج 27 دسمبر کو جاری کیے جائیں گے، جس کے بعد ٹیکنیکلی کوالیفائیڈ بڈرز کو اوپن کمپیٹیشن میں شرکت کا موقع دیا جائے گا۔
اعلامیے کے مطابق نئی پی ایس ایل ٹیموں کی اوپن بڈنگ 8 جنوری کو اسلام آباد میں منعقد ہوگی۔ پی سی بی نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ بڈنگ کا پورا عمل شفافیت اور عالمی معیار کے مطابق مکمل کیا جائے گا۔
پی سی بی حکام کے مطابق پی ایس ایل میں توسیع لیگ کی مزید ترقی اور مضبوطی کی جانب ایک اہم قدم ہے، جس سے نہ صرف پاکستان میں کرکٹ کو فروغ ملے گا بلکہ عالمی سطح پر لیگ کی حیثیت بھی مزید مستحکم ہوگی۔



















