انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی تازہ ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ میں پاکستانی بیٹر بابر اعظم کی پوزیشن میں مزید کمی واقع ہوئی ہے اور وہ دو درجے تنزلی کے بعد 23 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان بھی دو درجے نیچے آ کر 22 ویں پوزیشن پر چلے گئے۔
نئی رینکنگ کے مطابق سعود شکیل ایک درجہ تنزلی کے باوجود ٹاپ 10 میں موجود ہیں اور اس وقت دسویں نمبر پر فائز ہیں۔
امام الحق نے دو درجے بہتری کے بعد 51 ویں پوزیشن حاصل کر لی، جبکہ عبداللہ شفیق ایک درجے ترقی پا کر 56 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔
دیگر پاکستانی بیٹرز میں سلمان علی آغا ایک درجہ نیچے آ کر 28 ویں نمبر پر چلے گئے، قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود اپنی 44 ویں پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب رہے، جبکہ صائم ایوب کو ایک درجہ تنزلی کے بعد 96 ویں نمبر پر جگہ ملی۔
عالمی سطح پر انگلینڈ کے جو روٹ بدستور ٹیسٹ بیٹنگ رینکنگ میں سرفہرست ہیں، نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔
آسٹریلوی بیٹر ٹریوس ہیڈ نے چار درجے ترقی کرتے ہوئے اسٹیون اسمتھ کے ساتھ مشترکہ طور پر تیسری پوزیشن حاصل کر لی ہے۔
آسٹریلیا کے ایلکس کیری نے شاندار بہتری دکھاتے ہوئے چھ درجے چھلانگ لگائی اور نویں نمبر پر ٹاپ 10 میں جگہ بنا لی۔
نیوزی لینڈ کے راچن رویندرا پانچ درجے بہتری کے بعد 13 ویں نمبر پر پہنچ گئے، جبکہ ڈیون کونوے نے کیریئر کی بہترین ریٹنگ کے ساتھ مشترکہ طور پر 17 ویں پوزیشن حاصل کی۔ ویسٹ انڈیز کے کیوام ہوج 11 درجے ترقی کے بعد 66 ویں نمبر پر آ گئے۔
بولرز کی رینکنگ میں پاکستان کے نعمان علی نے چوتھی پوزیشن مضبوطی سے تھام رکھی ہے۔ شاہین شاہ آفریدی 23 ویں نمبر پر برقرار ہیں، محمد عباس ایک درجے تنزلی کے بعد 27 ویں اور ساجد خان بھی ایک درجہ نیچے آ کر 28 ویں نمبر پر چلے گئے۔
ابرار احمد نے 51 ویں پوزیشن برقرار رکھی، جبکہ عامر جمال ایک درجے بہتری کے بعد 78 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔
عالمی بولنگ رینکنگ میں بھارت کے جسپریت بمراہ بدستور نمبر ون ہیں، آسٹریلیا کے پیٹ کمنز دوسرے جبکہ مچل اسٹارک تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔



















