Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بی پی ایل بحران کی لپیٹ میں، آغاز سے قبل ایک اور بڑا جھٹکا

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے چٹاگانگ رائلز کا کنٹرول خود سنبھال لیا

بنگلہ دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) کو ٹورنامنٹ کے آغاز سے محض ایک روز قبل شدید بحران کا سامنا کرنا پڑ گیا، جب ایک فرنچائز نے اچانک دستبرداری اختیار کر لی۔

صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے چٹاگانگ رائلز کا کنٹرول خود سنبھال لیا۔

بی پی ایل گورننگ باڈی کے سیکرٹری افتخار رحمان کے مطابق فرنچائز اونر کی جانب سے آدھے گھنٹے قبل ایک خط موصول ہوا، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ میڈیا میں آنے والی خبروں کے باعث اسپانسرشپ حاصل نہ ہو سکی، اسی لیے لیگ سے علیحدگی کا فیصلہ کیا گیا۔ بی سی بی نے فوری ردعمل دیتے ہوئے ٹیم کو ٹورنامنٹ میں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔

واضح رہے کہ چٹاگانگ رائلز گزشتہ چند ہفتوں سے تنازعات کی زد میں تھی۔ اگرچہ فرنچائز نے 2 کروڑ ٹکا کی شرکت فیس ادا کر دی تھی.

تاہم 10 کروڑ ٹکا کی بینک گارنٹی جمع کرانے میں بار بار تاخیر سامنے آتی رہی۔ بعد ازاں بورڈ نے 9 دسمبر کو مکمل ادائیگی اور مالی دستاویزات کی تصدیق کا اعلان کیا تھا۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ جمعے کو نوکھالی ایکسپریس کے خلاف میچ شیڈول ہونے کے باوجود ٹیم اب تک کسی غیر ملکی کھلاڑی کو فائنل نہیں کر سکی، کوچنگ اسٹاف میں بھی متعدد تبدیلیاں کی گئیں، جبکہ کئی غیر ملکی کھلاڑیوں نے آخری وقت میں شرکت سے انکار کر دیا۔

اس کے علاوہ فرنچائز 25 فیصد پیشگی ادائیگی بھی نہ کر سکی، جو بی پی ایل قوانین کے مطابق لازمی شرط ہے۔

متعلقہ خبریں