Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان انڈر 19 ٹیم تین ملکی سیریز میں کل اپنی مہم کا آغاز کرے گی

پہلا میچ پاکستان اور افغانستان کے درمیان ہرارے اسپورٹس کلب، زمبابوے میں کھیلا جائے گا

پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم ہفتے کے روز تین ملکی سیریز میں کل اپنی مہم کا آغاز کرے گی، جس میں میزبان زمبابوے اور افغانستان کی انڈر 19 ٹیمیں بھی حصہ لے رہی ہیں۔

سیریز کا پہلا میچ پاکستان اور افغانستان کے درمیان ہرارے اسپورٹس کلب، زمبابوے میں کھیلا جائے گا۔

تین ملکی سیریز کے لیگ مرحلے کے اختتام پر پوائنٹس ٹیبل کی ٹاپ دو ٹیمیں 6 جنوری کو فائنل میں مدِمقابل ہوں گی۔ اس سیریز کو پاکستان انڈر 19 ٹیم کے لیے آئندہ انڈر 19 ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

سیریز سے قبل پاکستان ٹیم نے اپنا پہلا باقاعدہ ٹریننگ سیشن مکمل کیا، جس میں کھلاڑیوں نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ حصہ لیا۔ ایشیا کپ میں شاندار کامیابی کے بعد ٹیم کا مورال بلند ہے اور کھلاڑی پُراعتماد دکھائی دے رہے ہیں۔

پاکستان انڈر 19 ٹیم کے کپتان فرحان یوسف نے کہا کہ ایشیا کپ میں کامیابی نے ٹیم کے حوصلے بلند کیے ہیں اور تین ملکی سیریز نوجوان کھلاڑیوں کو مزید اعتماد فراہم کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سیریز سے ورلڈ کپ کے لیے بہترین کمبی نیشن بنانے میں بھی مدد ملے گی، جو ٹیم کی مجموعی کارکردگی کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

متعلقہ خبریں