پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے پاکستان نیٹ بال فیڈریشن میں مالی بے ضابطگیوں پر بڑا ایکشن لیتے ہوئے فیڈریشن کے سابق عہدیداران پر پابندی عائد کر دی ہے۔
پی ایس بی کے مطابق نیٹ بال فیڈریشن کو دی گئی 65 ملین روپے کی گرانٹس کا مکمل مالی حساب تاحال جمع نہیں کرایا گیا، جو قواعد کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
جاری کردہ حکم نامے کے مطابق پی ایس بی نے فیڈریشن کو ہدایت کی ہے کہ وہ سات دن کے اندر مکمل مالی ریکارڈ جمع کرائے۔ حکم پر عمل نہ کرنے کی صورت میں فیڈریشن کی معطلی اور بینک اکاؤنٹس بند کرنے کی وارننگ بھی دی گئی ہے۔
پی ایس بی کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پابندی کا شکار سابق عہدیداران کو کسی بھی اسپورٹس سرگرمی میں حصہ لینے کے لیے نااہل قرار دیا گیا ہے۔ تاہم، متاثرہ افراد کو حکم کے خلاف 30 دن کے اندر اپیل دائر کرنے کا حق حاصل ہوگا۔
حکم نامے کے مطابق جن سابق عہدیداران پر پابندی عائد کی گئی ہے ان میں مدثر رزاق آرائیں (سابق صدر)، سید گوہر رضا (سابق سیکرٹری جنرل)، قرۃ العین، تنویر احمد، محمد ریاض (سابق اسوسی ایٹ سیکرٹریز) اور سہیل احمد (سابق خزانچی) شامل ہیں۔
پی ایس بی کا کہنا ہے کہ قومی کھیلوں کے اداروں میں شفافیت اور مالی نظم و ضبط کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہے، اور قواعد کی خلاف ورزی پر کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔



















