Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

لیجنڈ وسیم اکرم کو پی ایس ایل کا برانڈ ایمبیسیڈر مقرر کر دیا گیا

ملتان سلطانز کے ہیڈ کا اعلان آئندہ 10 دن میں کر دیا جائے گا، محسن نقوی

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ میں اہم انتظامی اور ساختی تبدیلیاں کی جا رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سیزن ملتان سلطانز کو پاکستان کرکٹ بورڈ خود آپریٹ کرے گا جبکہ پی ایس ایل کے اختتام پر ملتان سلطانز کی نیلامی کی جائے گی۔

محسن نقوی نے بتایا کہ پی ایس ایل میں شامل کی جانے والی دو نئی ٹیموں کی بولی کے لیے 10 پارٹیوں نے کوالیفائی کر لیا ہے اور 8 جنوری کو دونوں نئی ٹیموں کو فروخت کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ جب نئی ٹیموں کے مالکان سامنے آ جائیں گے تو لیگ کی تاریخ کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا، تاہم پی ایس ایل کو 26 کے بجائے 23 مارچ سے شروع کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔

چیئرمین پی سی بی نے اعلان کیا کہ قومی ٹیم کے لیجنڈ وسیم اکرم کو پی ایس ایل کا برانڈ ایمبیسیڈر مقرر کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی سی بی کرکٹ کی بہتری کے لیے مسلسل کوشاں ہے اور انڈر 19 اور شاہینز ٹیم پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ نوجوان کھلاڑی مستقبل میں بین الاقوامی کرکٹ کے لیے مکمل طور پر تیار ہو سکیں۔

محسن نقوی نے بتایا کہ شاہینز ٹیم کو انٹرنیشنل کرکٹ کے لیے تیار کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے اور کھلاڑیوں کے میڈیکل معاملات کے لیے بیرون ملک سے ڈاکٹرز بلائے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملتان سلطانز کے ہیڈ کا اعلان آئندہ 10 دن میں کر دیا جائے گا جبکہ ریڈ بال کے کوچ کے حوالے سے مشاورت جاری ہے۔

چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ بھارتی کھلاڑی اگر ہاتھ نہیں ملاتے تو ہمیں بھی اس کا کوئی شوق نہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ پی ایس ایل کے اختتام پر ملتان سلطانز کی نیلامی ہوگی اور نئی ٹیموں کے شامل ہونے سے لیگ مزید مضبوط اور مسابقتی بنے گی۔