Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ایشز ٹیسٹ دو دن میں ختم، آئی سی سی نے میلبرن پچ ناقص قرار دے دی

آئی سی سی نے میلبرن کرکٹ گراؤنڈ کو ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی دے دیا۔

ایشز ٹیسٹ دو دن میں ختم ہونے پر آئی سی سی نے ایکشن لیتے ہوئے میلبرن کرکٹ گراؤنڈ کی پچ کو غیر تسلی بخش قرار دے دیا۔

ایشز سیریز کے ایک ٹیسٹ میچ کے غیر معمولی طور پر صرف دو دن میں ختم ہونے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے میلبرن کرکٹ گراؤنڈ کی پچ کو کھیل کے معیار کے مطابق نہ قرار دیتے ہوئے اس پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

میلبرن میں کھیلا گیا یہ میچ ابتدا ہی سے بولرز کے غلبے میں رہا، جہاں بلے باز جم کر کھیلنے میں ناکام دکھائی دیے اور میچ تیزی سے نتیجے کی طرف بڑھتا چلاگیا۔

آئی سی سی کے مطابق پچ پر بیٹنگ اور بولنگ کے درمیان وہ توازن نظر نہیں آیا جو ایک ٹیسٹ میچ کی اصل روح سمجھا جاتا ہے۔

میچ ریفری جیف کرو کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پچ غیر معمولی طور پر بولرز کے لیے سازگار رہی، جس کے باعث صرف دو دنوں میں 36 وکٹیں گرگئیں۔

انہوں نے بتایا کہ دونوں ٹیموں کے بلے بازوں میں سے کوئی بھی کھلاڑی پچ پر زیادہ دیر ٹھہر نہ سکا اور نصف سنچری تک نہ پہنچ پایا۔

آئی سی سی کے پچ جانچ کے نظام کے تحت میلبرن کی اس پچ کو چار میں سے تیسری سطح پر رکھا گیا ہے جو ناقص معیار کے زمرے میں شمار ہوتی ہے۔

اسی بنیاد پر آئی سی سی نے میلبرن کرکٹ گراؤنڈ کو ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی دے دیا ہے۔

کرکٹ ماہرین کے مطابق اگر ایسی پچز پر کھیل جاری رہا تو ٹیسٹ کرکٹ کا حسن متاثر ہوسکتا ہے کیونکہ مقابلہ یک طرفہ ہونے سے شائقین کی دلچسپی بھی کم ہوجاتی ہے۔