پاکستان کے نوجوان اسٹار بلے باز سمیر منہاس صرف 7 میچز میں بابر اعظم کے ریکارڈ کے برابر پہنچ گئے۔
سَمیر منہاس نے اپنی شاندار کارکردگی سے سب کی توجہ حاصل کرلی ہے۔ صرف سات یوتھ ون ڈے میچز کھیلنے کے بعد سَمیر منہاس تین سنچریاں مکمل کرکے پاکستان کے معروف بلے باز بابر اعظم کے ساتھ اپنا نام جوڑ چکے ہیں جو کہ ایک غیر معمولی کامیابی ہے۔
یوتھ ون ڈے میں پاکستان کے سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے کھلاڑیوں میں سمیع اسلم کا پہلا نمبر ہے جو 40 میچز میں 6 سنچریاں اسکور کرچکے ہیں۔
اس فہرست میں بابر اعظم کا دوسرا نمبر ہے، جنہوں نے 36 میچز میں 3 سنچریاں اسکور کیں تھی جب کہ شاہ زیب خان 24 میچز میں 3 سنچریوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔
سمیر منہاس نے یہ ریکارڈ صرف 7 میچز میں انجام دیا ہے اور چوتھائی میچز سے بھی کم میں یہ کارنامہ سرانجام دینا سمیر منہاس کی شاندار صلاحیتوں کا مظہر ہے۔
سَمیر منہاس نے نہ صرف رنز کی بھرمار کی بلکہ پریشر کے لمحات میں بھی عمدہ کھیل پیش کیا۔ 2025 کے انڈر 19 ایشیاکپ میں انہوں نے پانچ اننگز میں 471 رنز بنائے اور اوسط سے 150 سے زیادہ کی کارکردگی دکھائی۔
ان کی بہترین اننگز میں گروپ مرحلے میں ناقابل شکست 177 رنز اور فائنل میں بھارت کے خلاف 113 گیندوں پر شاندار 172 رنز شامل ہیں جو انڈر 19 ایشیاکپ فائنل میں سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے۔
سمیر منہاس نے تیسری یوتھ ون ڈے سنچری زِمبابوے کے خلاف انڈر 19 ٹرائی سیریز میں بنائی جب کہ علی حسن بلوچ کے ساتھ آغاز کے بعد سَمیر منہاس نے عثمان خان کے ساتھ 199 رنز کی شراکت قائم کی۔
سمیرمنہاس نے 106 گیندوں پر 142 رنز بنائے جس میں 17 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔



















