لاجوس : نائیجیریا میں پیش آنے والے ایک مہلک ٹریفک حادثے میں برطانیہ کے نامور باکسر زخمی جبکہ ان کے 2 ساتھی ہلاک ہوگئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق برطانیہ کے ہیوی ویٹ باکسنگ چیمپیئن انتھونی جوشوا نائجیریا کی اوگون اسٹیٹ میں ایک کار حادثے کا شکار ہو گئے۔
پولیس کے مطابق 36 سالہ جوشوا معمولی زخمی ہوئے ہیں، حادثہ ایک اہم شاہراہ پر پیش آیا جو اوگون اسٹیٹ کو نائجیریا کے اقتصادی مرکز لاگوس سے ملاتی ہے۔
حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے ظاہر ہوتا ہے کہ گاڑی قانونی حد رفتار سے زیادہ رفتار پر سفر کر رہی تھی، اوور ٹیکنگ کے دوران ڈرائیور نے کنٹرول کھو دیا اور سڑک کنارے کھڑے ٹرک سے ٹکرا گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جوشوا کی گاڑی میں میں چار افراد موجود تھے، جن میں سے ڈرائیور کے ساتھ بیٹھا مسافر اور جوشوا کے ساتھ بیٹھا شخص موقع پر ہلاک ہو گئے۔
انتھونی جوشوا، جو برطانوی-نائجیریائی والدین کے بیٹے ہیں، بچپن میں آئکینے میں بورڈنگ اسکول میں تعلیم حاصل کر چکے ہیں، جو حادثے کی جگہ سے تقریباً 85 کلومیٹر دور ہے۔ وہ 12 سال کی عمر میں برطانیہ واپس لوٹ گئے تھے۔
جوشوا حال ہی میں یوٹیوبر سے فائٹر بننے والے جیک پال کے خلاف 19 دسمبر کو میچ جیتنے کے بعد نائجیریا میں وقت گزار رہے تھے، انھوں نے چھٹے راؤنڈ میں ناک آؤٹ کے ذریعے فتح حاصل کی تھی۔
جوشوا 15 ماہ کے وقفے کے بعد رنگ میں واپس آئے ہیں اور امکان ہے کہ 2026 میں اپنے دیرینہ حریف ٹائسن فیوری کے ساتھ مقابلہ کریں گے۔


















