Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بنگلادیش کے ساتھ زیادتی ہوئی، ہم ساتھ کھڑے ہیں؛ محسن نقوی

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نے لاہور میں پی سی بی مرچنڈائز شاپ کا باضابطہ افتتاح کردیا۔

لاہور: چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ بنگلادیش کو بھی ہاکستان اور بھارت کی طرح ہائبرڈ ماڈل کا حق ہے، بنگلادیش کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے اور ہم ساتھ کھڑے ہیں۔

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نے لاہور میں پی سی بی مرچنڈائز شاپ کا باضابطہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری پنجاب اور انسپیکٹر جنرل پولیس پنجاب عثمان انور بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ عوام اور کرکٹ شائقین کے لیے پی سی بی میں سووینئر شاپ قائم کی گئی ہے جہاں شہری قومی ٹیم کی کٹس، کھلاڑیوں کے دستخط شدہ بیٹس اور کرکٹ سے متعلق دیگر اشیاء خرید سکیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ اس شاپ کو رات 8 بجے تک کھلا رکھا جائے گا تاکہ شہری آسانی سے خریداری کرسکیں جب کہ چیئرمین پی سی بی نے شاپ کا دورہ کیا اور وہاں موجود کٹس، ٹریک سوٹس اور دیگر اشیاء میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

انہوں نے خواتین اور بچوں کے لیے علیحدہ سیکشن قائم کرنے کی بھی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی اور دیگر شہروں میں بھی اسی طرز کی سووینئر شاپس قائم کی جائیں گی۔

اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت تحصیل کی سطح پر کرکٹ ٹیمیں بنانے کا منصوبہ تیار کر رہی ہے جب کہ جوہرآباد وادی سون میں گرمیوں کے لیے کرکٹ گراؤنڈز بنائے جارہے ہیں۔ قذافی اسٹیڈیم کو پارک جیسی شکل دینے پر بھی کام کیا جارہا ہے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے متعلق سوال پر محسن نقوی نے کہا کہ شرکت کا حتمی فیصلہ وزیر اعظم کریں گے اور حکومت جو فیصلہ کرے گی اسی کے مطابق قدم اٹھایا جائے گا۔ آئی سی سی کا فیصلہ آنے کے بعد پی سی بی اپنا لائحہ عمل سامنے لائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بنگلادیش کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے اور پاکستان ان کے ساتھ کھڑا ہے جب کہ انہیں بھی پاکستان اور بھارت کی طرح ہائبرڈ ماڈل کا حق حاصل ہے۔

کرکٹرز کے ساتھ مبینہ فراڈ کے معاملے پر چیئرمین پی سی بی نے واضح کیا کہ اب تک کسی نے ان سے رابطہ نہیں کیا تاہم اگر کھلاڑی رابطہ کریں گے تو معاملہ دیکھا جائے گا۔

تقریب میں اٹارنی جنرل، چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی، چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ایس ایل، ڈائریکٹر میڈیا پی سی بی اور بورڈ کے دیگر ارکان اور اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔