Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

میرا جسم بدل چکا ہے، ناؤمی اوساکا آسٹریلین اوپن سے دستبردار

اوساکا کا کہنا تھا کہ حمل کے بعد ان کے جسم میں نمایاں تبدیلی آئی ہے

حمل کے بعد جسمانی تبدیلیوں سے جڑی پیٹ کی انجری کے باعث دو بار کی چیمپئن ناؤمی اوساکا نے آسٹریلین اوپن سے میچ سے چند گھنٹے قبل دستبرداری اختیار کر لی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اوساکا کو کوالیفائر میڈیسن انگلس کے خلاف راڈ لیور ایرینا میں مقابلہ کرنا تھا، تاہم پیٹ کے درد میں شدت آنے پر انہوں نے کھیلنے کا فیصلہ واپس لے لیا۔

اوساکا نے بتایا کہ یہ وہی انجری ہے جو انہیں پہلے بھی کئی بار ہو چکی ہے، اور وارم اپ کے دوران درد مزید بڑھ گیا۔

اوساکا کا کہنا تھا کہ حمل کے بعد ان کے جسم میں نمایاں تبدیلی آئی ہے اور اب انہیں زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید طبی ٹیسٹ کرانے کی بھی تصدیق کی۔

مزید پڑھیں: شکست کے بعد ریکٹ توڑنے پر روسی ٹینس اسٹار ڈینیل میدودیو پر بھاری جرمانہ

ان کی دستبرداری کے بعد آسٹریلین کھلاڑی میڈیسن انگلس کو عالمی نمبر دو اور سیکنڈ سیڈ ایگا شوئٹیک کے خلاف چوتھے راؤنڈ میں جگہ مل گئی۔ شوئٹیک نے روس کی انا کالنسکایا کے خلاف سخت مقابلے کے بعد 6-1، 1-6، 6-1 سے کامیابی حاصل کی۔

28 سالہ اوساکا ماضی میں بھی پیٹ کے مسائل کا شکار رہ چکی ہیں اور گزشتہ سال یہاں بیلنڈا بینچچ کے خلاف تیسرے راؤنڈ میں ریٹائر ہو گئی تھیں۔ وہ اس وقت خواتین کی ٹاپ 20 میں شامل تین ماؤں میں سے ایک ہیں۔

اوساکا نے انسٹاگرام پر کہا کہ یہ ٹورنامنٹ ان کے لیے مثبت رہا، مگر مزید نقصان کے خطرے کے پیش نظر رکنا پڑا۔ ٹورنامنٹ منتظمین نے شام کے سیشن کو پُر کرنے کے لیے مینز ڈبلز کا میچ دوبارہ شیڈول کیا۔

دوسری جانب سابق ومبلڈن چیمپئن ایلینا ریباکینا نے ٹیریزا ویلنٹووا کو 6-2، 6-3 سے شکست دے کر چوتھے راؤنڈ میں ایلیز مرٹنز کے خلاف مقابلہ طے کر لیا۔