پاکستان کی جانب سے ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت یا عدم شرکت سے متعلق حتمی فیصلہ جمعہ یا پیر کو کیے جانے کا امکان ہے۔
اس سلسلے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی، جہاں ورلڈ کپ سے متعلق اہم مشاورت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر ہی پاکستان کے ورلڈ کپ میں شرکت یا بائیکاٹ کا فیصلہ ہوگا اور پی سی بی حکومت کے فیصلے پر مکمل عمل درآمد کرے گا۔
اس سے قبل چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے قومی کرکٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کا مؤقف اصولی بنیادوں پر قائم تھا اور پاکستان نے کرکٹ کے سنہری اصولوں کو مدِنظر رکھتے ہوئے بنگلا دیش کی حمایت کی۔
انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل ہے اور ہر میدان میں کامیابی ٹیم ورک سے ہی حاصل ہوتی ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سیاست زدہ کرکٹ کسی کے مفاد میں نہیں اور ٹی 20 ورلڈ کپ سے متعلق حکومت پاکستان کے فیصلے پر من و عن عمل کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بنگلا دیش کو ٹی 20 ورلڈ کپ سے باہر کرتے ہوئے اس کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو ٹورنامنٹ میں شامل کرنے کا باضابطہ اعلان کردیا ہے۔
یاد رہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ کا آغاز 7 فروری سے ہو رہا ہے جبکہ پاکستان کے میچز سری لنکا میں شیڈول کیے گئے ہیں۔
