ساؤتھ ایشین گیمز (سیف گیمز )کے انعقاد سے متعلق اہم فیصلہ کر لیا گیا ہے، جس کے تحت سیف گیمز مارچ 2027 میں پاکستان میں ہی منعقد ہوں گے۔
یہ فیصلہ ساؤتھ ایشین اولمپک کونسل کے اجلاس میں کیا گیا جو تاشقند میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں صدر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن عارف سعید نے شرکت کی، جبکہ وفاقی سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ محی الدین وانی اور سیکرٹری جنرل پی او اے خالد محمود بھی اجلاس میں شریک تھے۔
مزید پڑھیں: پاکستان پولیس ایتھلیٹس کی 35 ویں نیشنل گیمز کراچی 2025 میں شاندار کارکردگی
اجلاس کے دوران حکومت پاکستان نے ساؤتھ ایشین گیمز کے کامیاب انعقاد کی مکمل یقین دہانی کروائی۔
وفاقی سیکرٹری محی الدین وانی نے حکومت پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے کہا کہ سیف گیمز میں شریک کھلاڑیوں اور آفیشلز کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
اعلامیے کے مطابق، ساؤتھ ایشین گیمز 23 مارچ سے 31 مارچ 2027 تک منعقد ہوں گے۔
یاد رہے کہ پاکستان میں جنوری میں شیڈول ساؤتھ ایشین گیمز کو بعد ازاں موخر کر دیا گیا تھا، تاہم اب نئے شیڈول کے مطابق گیمز پاکستان میں ہی ہوں گے۔




















