اٹلی میں آئندہ ماہ ہونے والے میلان–کورٹینا 2026 ونٹر اولمپکس کے دوران امریکی امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ کے ایجنٹس کی سیکیورٹی میں شمولیت پر ملک بھر میں شدید بحث چھڑ گئی ہے۔
روم میں امریکی سفارتخانے کے ذرائع کے مطابق آئی سی ای کے تفتیشی ونگ ہوم لینڈ سیکیورٹی انویسٹی گیشنز اولمپکس کے دوران امریکی وفد کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی تعاون فراہم کرے گا۔
امریکی سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی محکمہ خارجہ کی ڈپلومیٹک سیکیورٹی سروس اولمپکس میں امریکہ سے متعلق سیکیورٹی امور کی قیادت کرے گی، جبکہ ماضی کے اولمپک ایونٹس کی طرح دیگر وفاقی ادارے بھی معاونت کریں گے۔
تاہم وضاحت کی گئی ہے کہ آئی سی ای بیرونِ ملک امیگریشن انفورسمنٹ کارروائیاں نہیں کرتا اور تمام سیکیورٹی اقدامات اٹلی کی اتھارٹی کے تحت ہوں گے۔
اس اعلان کے باوجود اٹلی میں سیاسی ردعمل سامنے آیا ہے۔ وسطی بائیں بازو کی اپوزیشن نے ICE کی ممکنہ موجودگی پر اعتراضات اٹھائے، جس کے بعد اطالوی وزیر داخلہ میٹیو پیانتیڈوزی نے کہا کہ حکومت کو ICE ایجنٹس کی تعیناتی کا علم نہیں اور اولمپکس کی سیکیورٹی اطالوی ادارے ہی سنبھالیں گے۔
مزید ابہام اس وقت پیدا ہوا جب لومبارڈیا کے صدر اتیلیو فونٹانا نے کہا کہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اور وزیر خارجہ مارکو روبیو کو ICE ایجنٹس تحفظ فراہم کریں گے۔
بعد ازاں فونٹانا نے وضاحت کی کہ ان کا بیان فرضی نوعیت کا تھا اور اگر ICE کا کوئی کردار ہوا بھی تو وہ صرف امریکی حکام کی ذاتی سیکیورٹی تک محدود ہوگا۔
یہ تنازع اس وقت مزید شدت اختیار کر گیا جب منی ایپولس میں اطالوی سرکاری نشریاتی ادارے RAI کے دو صحافیوں کو ICE ایجنٹس کی جانب سے دھمکیوں کی فوٹیج سامنے آئی۔
امریکہ میں ICE کی بڑے پیمانے پر تعیناتی، حالیہ مظاہروں اور دو امریکی شہریوں کی ہلاکتوں کے واقعات نے بھی عالمی سطح پر تشویش کو بڑھا دیا ہے۔
اولمپکس 6 سے 22 فروری تک شمالی اٹلی میں منعقد ہوں گے، جہاں سیکیورٹی انتظامات پر یہ بحث تاحال جاری ہے.




















