Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بی سی بی کے صدر کی ملک چھوڑنے کی افواہوں نے ہلچل مچا دی

بعض حلقوں میں یہ سنسنی خیز تاثر پھیلایا جاتا رہا کہ وہ اب بنگلہ دیش واپس نہیں آئیں گے

 بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام کے ملک چھوڑنے اور واپسی نہ ہونے سے متعلق افواہوں نے کرکٹ حلقوں میں کھلبلی مچا دی۔ اچانک پھیلنے والی ان خبروں کا آغاز اتوار کے روز ہوا، جب یہ دعویٰ کیا گیا کہ امین الاسلام آسٹریلیا روانہ ہو رہے ہیں۔

افواہوں کے زور پکڑتے ہی بی سی بی کے صدر نے خود وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ اتوار کو بھی بدستور اپنے دفتر میں موجود رہے اور پیر کو بھی معمول کے مطابق سرکاری مصروفیات انجام دیں گے۔ تاہم اس کے باوجود رپورٹس سامنے آتی رہیں کہ وہ ملک چھوڑ چکے ہیں۔

امین الاسلام کا آسٹریلیا جانا کوئی غیر معمولی بات نہیں کیونکہ ان کا خاندان وہیں مقیم ہے، لیکن سوشل میڈیا اور بعض حلقوں میں یہ سنسنی خیز تاثر پھیلایا جاتا رہا کہ وہ اب بنگلہ دیش واپس نہیں آئیں گے۔

ان تمام قیاس آرائیوں پر اس وقت واضح ردعمل سامنے آیا جب پیر کے روز امین الاسلام بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام شروع کیے گئے دو روزہ تربیتی پروگرام میں شریک ہوئے، جس سے افواہوں کی ہوا نکل گئی۔