Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ ٹرافی کی شاندار رونمائی، کرکٹ شائقین میں جوش و خروش

کنیرڈ کالج میں منعقدہ تقریب کے دوران طالبات نے ٹرافی کے ساتھ تصاویر بنوائیں اور اس تاریخی لمحے کو یادگار قرار دیا۔

لاہور: آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ ٹرافی کی پاکستان میں شاندار رونمائی کردی گئی ہے جس کے بعد ملک بھر میں کرکٹ شائقین میں زبردست جوش و خروش دیکھنے میں آرہا ہے۔

پاکستان میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ ٹرافی کی نمائش کا آغاز کنیرڈ کالج لاہور سے کیا گیا، جہاں طالبات نے ورلڈکپ ٹرافی کے ساتھ بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا۔

کنیرڈ کالج میں منعقدہ تقریب کے دوران طالبات نے ٹرافی کے ساتھ تصاویر بنوائیں اور اس تاریخی لمحے کو یادگار قرار دیا۔

ٹرافی کی نمائش کے موقع پر قومی کرکٹ ٹیم کے انٹرنیشنل کرکٹر حسن علی بھی موجود تھے، جنہوں نے ورلڈکپ ٹرافی کے ساتھ خصوصی تصاویر بنوائیں اور شائقین کرکٹ کے ساتھ خوشگوار لمحات شیئر کیے۔

اس موقع پر حسن علی کا کہنا تھا کہ ورلڈکپ ٹرافی کا پاکستان آنا کرکٹ فینز کے لیے باعثِ فخر ہے اور ایسے مواقع نوجوانوں میں کھیل کے فروغ کا ذریعہ بنتے ہیں۔ انہوں نے طالبات اور شائقین کے جوش و جذبے کو سراہا۔

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ٹرافی پاکستان بھر میں کرکٹ شائقین کی توجہ کا مرکز بنی رہے گی۔ ٹرافی کی نمائش پاکستان اور آسٹریلیا کے میچ کے موقع پر بھی کی جائے گی تاکہ اس بڑے ایونٹ کے دوران شائقین کو قریب سے ٹرافی دیکھنے کا موقع مل سکے۔

اس کے علاوہ ورلڈکپ ٹرافی کو پی سی بی ہیڈکوارٹرز میں بھی رکھا جائے گا، جہاں کرکٹ فینز اور آفیشلز ٹرافی کے ساتھ تصاویر بنوا سکیں گے۔

لاہور کے مختلف شاپنگ مالز میں بھی ٹرافی نمائش کے لیے پیش کی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ شائقین اس تاریخی ٹرافی کو دیکھ سکیں۔