آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے لیے آفیشل ترانہ باضابطہ طور پر جاری کردیا گیا ہے جس نے عالمی سطح پر کرکٹ شائقین کے جوش و خروش میں مزید اضافہ کیا ہے۔
’’فیل دی تھرل‘‘ کے عنوان سے جاری کیا گیا یہ ترانہ ٹورنامنٹ کے آغاز سے قبل منظرِ عام پر آیا ہے جب کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کا افتتاحی میچ 7 فروری 2026 کو کھیلا جائے گا۔ اس ایونٹ کی میزبانی بھارت اور سری لنکا مشترکہ طور پر کریں گے۔
یہ آفیشل گانا ٹورنامنٹ کے مرکزی تھیم سے ہم آہنگ ہے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی رفتار، شدت اور سنسنی کو اجاگر کرنے کی کوشش کرتا ہے جو اس فارمیٹ کی پہچان سمجھی جاتی ہے۔
ورلڈکپ ترانہ معروف بھارتی موسیقار اور میوزک پروڈیوسر انیردھ روی چندر نے کمپوز کیا ہے جو ’’وائے دس کولویری ڈی‘‘ جیسے سپر ہٹ گانے کی بدولت عالمی شہرت حاصل کرچکے ہیں۔
گانے میں انگریزی بولز کو پنجابی طرز کے توانائی سے بھرپور ردھمز اور دھنوں کے ساتھ یکجا کیا گیا ہے جو ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے دھماکہ خیز مزاج اور شائقین کے جذبات کی بھرپور عکاسی کرتا ہے۔
آفیشل ترانے کا آڈیو ورژن یوٹیوب سمیت مختلف ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر دستیاب ہے تاہم تاحال اس کا کوئی باضابطہ میوزک ویڈیو یا لیرکس ویڈیو جاری نہیں کی گئی۔
گانے کی ریلیز کے فوراً بعد سوشل میڈیا پر شائقینِ کرکٹ اور انیردھ روی چندر کے مداحوں کی جانب سے ردِعمل سامنے آنا شروع ہوگیا۔ مجموعی طور پر گانے کو توانائی سے بھرپور قرار دیا جارہا ہے۔

















