Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی آئیکونک پرفارمنسز کا اعلان، شاہد آفریدی بھی شامل

2009 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں شاہد آفریدی نے ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر ٹیم کو فائنل تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی تاریخ کی یادگار اور آئیکونک پرفارمنسز کا باضابطہ اعلان کردیا ہے جن میں پاکستان کے سابق کپتان اور آل راؤنڈر شاہد آفریدی کی شاندار کارکردگی کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

آئی سی سی کے مطابق شاہد آفریدی کو 2009 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں غیر معمولی آل راؤنڈ پرفارمنس پر آئیکونک پرفارمرز کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے جس نے پاکستان کو ٹائٹل جتوانے میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔

2009 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں شاہد آفریدی نے نہ صرف 51 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی بلکہ 2 اہم وکٹیں حاصل کرکے ٹیم کو فائنل تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

فائنل مقابلے میں بھی آفریدی نے 40 گیندوں پر 54 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر اپنی آل راؤنڈ صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا تھا۔

آئی سی سی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی دیگر تاریخی پرفارمنسز کو بھی آئیکونک قرار دیا ہے۔ 2007 میں ہونے والے پہلے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے یووراج سنگھ کی جانب سے ایک اوور میں 6 چھکے لگانے کا کارنامہ بھی اس فہرست میں شامل ہے۔

2010 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں آسٹریلیا کے مائیک ہسی نے پاکستان کے خلاف 24 گیندوں پر 60 رنز کی ناقابلِ یقین اننگز کھیل کر میچ کا پانسہ پلٹا، جسے آئی سی سی نے آئیکونک پرفارمنس قرار دیا ہے۔

اسی طرح 2012 کے ورلڈکپ میں ویسٹ انڈیز کے سنیل نارائن کی 9 رنز کے عوض 3 وکٹیں، 2014 کے سیمی فائنل میں سری لنکا کے رنگانا ہیراتھ کی 5 وکٹیں بھی تاریخ ساز کارکردگیوں میں شامل کی گئی ہیں۔

2016 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں ویسٹ انڈیز کے کارلوس بریتھویٹ کے فائنل میں لگائے گئے 4 مسلسل چھکے بھی آئیکونک لمحات میں شمار کیے گئے جب کہ 2021 کے ورلڈ کپ فائنل میں آسٹریلیا کے مچل مارش کی 77 رنز کی شاندار اننگز کو بھی اس فہرست کا حصہ بنایا گیا ہے۔

آئی سی سی کے مطابق 2022 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ فائنل میں انگلینڈ کے بین اسٹوکس کی پاکستان کے خلاف 52 رنز کی میچ وننگ اننگز اور 2024 کے ورلڈکپ فائنل میں ویرات کوہلی کی 76 رنز کی یادگار اننگز کو بھی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی آئیکونک پرفارمنسز قرار دیا گیا ہے۔

آئی سی سی کا کہنا ہے کہ یہ پرفارمنسز ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تاریخ کے وہ ناقابلِ فراموش لمحات ہیں جنہوں نے اس فارمیٹ کی مقبولیت اور سنسنی کو عالمی سطح پر نئی پہچان دی۔