Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

انڈر 19 ورلڈ کپ، پاکستان کو بڑا دھچکا، اہم کھلاڑی ایونٹ سے باہر

پاکستان انڈر 19 ٹیم کو یکم فروری کو روایتی حریف بھارت کے خلاف اہم میچ کھیلنا ہے

پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کو ورلڈکپ میں بڑا نقصان اٹھانا پڑ گیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد شایان انجری کے باعث انڈر 19 ورلڈکپ سے باہر ہو گئے ہیں۔

پی سی بی کے مطابق محمد شایان کو ایک سیناریو بیسڈ میچ کے دوران فاسٹ بولر کی گیند ناک پر لگی، جس کے بعد انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ طبی معائنے اور ایکسرے رپورٹ میں ناک میں فریکچر کی تصدیق ہوئی ہے۔

ڈاکٹروں نے محمد شایان کو آرام کا مشورہ دیا ہے جس کے باعث وہ ایونٹ میں مزید شرکت کے اہل نہیں رہے۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ محمد شایان کی جگہ متبادل کھلاڑی کی شمولیت کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان انڈر 19 ٹیم کو یکم فروری کو روایتی حریف بھارت کے خلاف اہم میچ کھیلنا ہے، ایسے میں اہم کھلاڑی کی عدم موجودگی ٹیم کیلئے ایک بڑا چیلنج سمجھی جا رہی ہے۔