پرو ہاکی لیگ کے دوسرے مرحلے کی تیاریوں کے سلسلے میں قومی ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ اختتام پذیر ہو گیا۔ یہ کیمپ نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم اسلام آباد میں جاری رہا، جہاں کھلاڑیوں نے بھرپور پریکٹس اور میچ فٹنس پر توجہ دی۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) اور پاکستان اسپورٹس بورڈ کی جانب سے کیمپ کے دوران کھلاڑیوں کو تمام ضروری سہولیات فراہم کی گئیں تاکہ ٹیم عالمی مقابلوں کیلئے مکمل طور پر تیار ہو سکے۔
قومی ٹیم بروز پیر آسٹریلیا کے لیے روانہ ہوگی جہاں پرو ہاکی لیگ کے اہم میچز کھیلے جائیں گے۔
کیمپ کے دوران ڈی جی پاکستان اسپورٹس بورڈ یاسر پیرزادہ نے کھلاڑیوں سے ملاقات کی، جبکہ اس موقع پر پی ایچ ایف کے سیکرٹری جنرل اولمپین رانا مجاہد علی خان بھی موجود تھے۔
دونوں عہدیداران نے کھلاڑیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا حوصلہ بڑھایا اور بین الاقوامی سطح پر بہترین کارکردگی کی امید ظاہر کی۔
ڈی جی اسپورٹس بورڈ اور پی ایچ ایف سیکرٹری جنرل نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قومی ہاکی ٹیم کی مکمل سرپرستی جاری رکھی جائے گی تاکہ پاکستان ایک بار پھر عالمی ہاکی میں اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کر سکے۔
















