Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان کو آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل

پاکستان ٹیم میں آج 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں، فہیم اشرف، نسیم شاہ اورعثمان طارق ٹیم میں شامل۔

لاہور: پاکستان نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں آسٹریلیا کو شکست دے کر سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔

پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا دوسرا میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جس میں مہمان ٹیم کو باآسانی 90 رنز سے شکست دے کر پاکستان نے سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ہے۔

پاکستان کی اننگز

اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا اور پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان ہر 198 رنز اسکور کیے۔

کپتان سلمان علی آغا جارحانہ 76 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے، عثمان خان نے بھی بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور نصف سنچری کی بدولت 53 رنز اسکور کیے۔

علاوہ ازیں صائم ایوب 23، صاحبزادہ فرحان 5 اور بابر اعظم 2 رنز بناکر پویلین لوٹے جب کہ شاداب خان نے 28 اور محمد نواز نے 9 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔

آسٹریلیا کی جانب سے ایڈم زیمپا، کُوپر کونولی، میتھیو کونمین، شان ایبٹ اور زیویئر بارٹلیٹ نے 1، 1 وکٹ حاصل۔

آسٹریلیا کی اننگز

199 رنز کے تعاقب میں مہمان ٹیم 15.4 اوورز میں 108 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی، کیمرون گرین 35، مچل مارش 18، ٹریوس ہیڈ 4 اور جوش انگلس نے 5 رنز کی اننگز کھیلی جب کہکوپر کونولی ایک رن ہی بناسکے۔

پاکستان کی جانب سے شاداب خان اور ابرار احمد نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3،3 وکٹیں حاصل کی جب کہ عثمان طارق نے کھلاڑیوں کا شکار کیا، صائم ایوب اور محمد نواز ایک ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔

اس سے قبل ٹاس کے موقع پر قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ میچ جیت کر سیریز اپنے نام کرنے کی کوشش کریں گے، کوشش ہوگی آسٹریلیا کو اچھا ہدف دیں۔

واضح رہے کہ پاکستان ٹیم میں آج 3 تبدیلیاں کی گئی تھیں، فخرزمان، شاہین آفریدی اور سلمان مرزا کی جگہ فہیم اشرف، نسیم شاہ اورعثمان طارق کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔