Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پیٹ کمنز نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ چھوڑنے کی وجہ بتادی

پیٹ کمنز آئی پی ایل سیزن میں سن رائزرز حیدرآباد کی قیادت بھی کریں گے۔

آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے بتایا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے پیچھے ہٹنے کی وجہ آئندہ سال کے بڑے شیڈول کے لیے تیاری کرنا ہے۔

پیٹ کمنز کو کمر کی چوٹ کی وجہ سے گزشتہ سال جولائی سے کھیلنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ اس دوران انہوں نے صرف ایڈیلیڈ میں ایشز جیتنے والے میچ میں حصہ لیا تھا۔

کمر کی حالت بہتر کرنے اور طویل مدتی صحت کا خیال رکھنے کے لیے پیٹ کمنز نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پیٹ کمنز نے کہا ’’یہ واقعی افسوسناک ہے۔ میری صحت ٹھیک ہے لیکن وقت کم ہے۔ کچھ ہفتے آرام کروں گا اور پھر کھیلوں گا‘‘۔

یاد رہے کہ آسٹریلیا کا شیڈول اگست سے شروع ہورہا ہے جس میں وہ پہلے بنگلادیش کی میزبانی کریں گے۔ اس کے بعد ستمبر میں جنوبی افریقا کا دورہ اور 2027 میں بھارت کا پانچ میچز کا دورہ شامل ہے۔

علاوہ ازیں دورہ ایشز، ون ڈے ورلڈکپ اور ممکنہ طور پر ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل بھی شامل ہے۔

پیٹ کمنز کہتے ہیں ’’وہ اس طویل اور مصروف شیڈول کے لیے اپنے آپ کو محفوظ رکھنا چاہتے ہیں‘‘۔

دوسری جانب پیٹ کمنز 26 مارچ سے شروع ہونے والے آئی پی ایل سیزن میں سن رائزرز حیدرآباد کی قیادت بھی کریں گے۔

آئی پی ایل میں شرکت کے حوالے ان کا کہنا تھا کہ آئی پی ایل میں جسمانی دباؤ کم ہوتا ہے جس کے باعث وہ ٹورنامنٹ کھیلنے کے لیے تیار ہیں۔

آسٹریلوی کپتان نے حالیہ پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شکست کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ ٹیم کا مورال اچھا ہے اور کھلاڑی ورلڈکپ میں اچھا کھیلنے کے لیے پرجوش ہیں۔