کولمبو: آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کے سلسلے میں پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان ہونے والا وارم اپ میچ بارش کی وجہ سے منسوخ ہوگیا۔
مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 وارم اپ میچ سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو کے سنہالی اسپورٹس کلب گراؤنڈ میں شیڈول تھا۔
اس میچ میں پہلے بارش کے باعث ٹاس میں تاخیر ہوئی اور پھر میچ ہی شروع نہ ہوسکا تاہم اب اسے منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستانی ٹیم اس میچ کے ذریعے ورلڈکپ سے قبل اپنی تیاری مکمل کرنے کا ارادہ رکھتی تھی لیکن موسمی حالات کی وجہ سے اس موقع سے فائدہ نہیں اٹھایا جاسکا۔
پاکستان ٹیم کولمبو میں پہلے ہی پہنچی ہوئی تھی تاکہ 7 فروری سے شروع ہونے والے ورلڈکپ کیلئے تیاری کر سکے۔
میچ نہ ہونے کے باعث شائقین اور ٹیم کے لیے تیاری کا ایک اہم موقع ضائع ہوگیا۔ اب پاکستان کی توجہ ورلڈکپ کے گروپ میچز پر مرکوز ہوگئی ہے جس میں وہ نیدرلینڈز اور امریکا کے خلاف مدمقابل ہوں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 میں بھارت کے خلاف میچز کا بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان گروپ میچ خطرے میں پڑگیا ہے۔



















