انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) نے ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے لیے کمنٹری پینل کا اعلان کر دیا ہے۔پاکستان سے رمیز راجہ اور وسیم اکرم کو کمنٹری پینل میں شامل کیا گیا ہے۔
آئی سی سی نے 7 فروری سے شروع ہونے والے آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے لیے سابق کرکٹرز پر مشتمل کمنٹری پینل کا اعلان کردیا ہے۔
روی شاستری، ناصر حسین، ایان اسمتھ اور ایان بشپ کمنٹری ٹیم کی قیادت کریں گے، جبکہ سابق ورلڈ کپ فاتح ایرون فنچ، دنیش کارتھک، کمار سنگاکارا اور کارلوس بریتھویٹ بھی شامل ہیں۔
اس کے علاوہ وسیم اکرم، سنیل گاواسکر، میتھیو ہیڈن اور رمیز راجہ کمنٹری پینل کا حصہ ہوں گے، جبکہ ڈیل اسٹین، وقار یونس، مائیکل ایتھرٹن اور شان پولاک بھی اپنی آواز کا جادو جگائیں گے۔
بھارت اور سری لنکا میں ہارش بھوگلے اور دیگر معروف براڈکاسٹرز کمنٹری کریں گے، جبکہ اینجلو میتھیوز اور ٹیمبا باووما آئی سی سی ٹی وی پر بطور کمنٹیٹر ڈیبیو کریں گے۔
آئی سی سی ٹی وی ہر میچ کی لائیو کوریج، پری میچ شو، اننگز وقفہ پروگرام اور پوسٹ میچ تجزیہ پیش کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں: تنازعات سے بھرپور ورلڈکپ کا خاموشی سے آغاز
ٹورنامنٹ کی کوریج کے لیے 6 پروڈکشن یونٹس اور 45 کیمروں کا استعمال کیا جائے گا، تقریباً 720 براڈکاسٹ پروفیشنلز ایونٹ کی کوریج میں حصہ لیں گے، جبکہ 20 سے زائد ممالک سے تعلق رکھنے والے ماہرین کوریج ٹیم کا حصہ ہوں گے۔
آئی سی سی نے ورلڈ کپ 2026 کے لیے دو نئی براڈکاسٹ ٹیکنالوجیز متعارف کرا دیں، ’’پچ ویو‘‘ کے ذریعے پچ کی خصوصیات اور میچ پر اثرات کو جدید انداز میں دکھایا جائے گا، جبکہ ’’اسکل ویو‘‘ سے کھلاڑیوں کی مہارت اور حکمتِ عملی کو ورچوئل گرافکس کے ذریعے واضح کیا جائے گا۔
ہاک آئی کے ذریعے ڈی آر ایس، بال ٹریکنگ اور ایج ڈیٹیکشن دستیاب ہوگی، کرک وز ڈیٹا اینالیٹکس اور جدید آن ایئر گرافکس ناظرین کے تجربے کو مزید بہتر بنائیں گے، اس کے علاوہ نان لائیو مواد میں کھلاڑیوں کے پروفائلز، میچ پری ویوز اور بیک اسٹیج مناظر بھی شامل ہوں گے۔
















