آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں پاکستان اپنی مہم کا آغاز ہفتے کے روز نیدرلینڈز کے خلاف کرے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ کولمبو کے تاریخی سنہالی اسپورٹس کلب گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا، جو پاکستانی وقت کے مطابق صبح 10:30 بجے شروع ہوگا۔
یہ ایونٹ قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا کے لیے بھی خاص اہمیت رکھتا ہے کیونکہ وہ پہلی مرتبہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کی قیادت کریں گے۔
سلمان آغا اب تک 43 ٹی ٹوئنٹی میچز میں قومی ٹیم کی کپتانی کر چکے ہیں، جن میں سے 27 میں کامیابی حاصل کی۔ ان کی قیادت میں ٹیم کی کارکردگی خاصی متاثر کن رہی ہے۔
ایشیا کپ 2025 کے بعد پاکستان نے 13 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 10 فتوحات سمیٹ کر عمدہ فارم کا مظاہرہ کیا ہے۔ حال ہی میں آسٹریلیا کے خلاف تین میچوں کی سیریز میں کلین سوئپ نے ٹیم کے حوصلے مزید بلند کر دیے ہیں۔
قومی اسکواڈ نے کولمبو پہنچ کر دو بھرپور ٹریننگ سیشنز میں حصہ لیا اور کھلاڑی پرعزم دکھائی دیے۔ کپتان سلمان علی آغا کا کہنا ہے کہ ٹیم ہر میچ میں بہترین کارکردگی دکھا کر ٹرافی اپنے نام کرنے کے عزم کے ساتھ میدان میں اترے گی۔
اعداد و شمار کے مطابق پاکستان اب تک ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تاریخ میں 51 میچز کھیل چکا ہے جن میں 30 میں کامیابی حاصل کی، جبکہ 2009 میں قومی ٹیم عالمی چیمپئن بھی رہ چکی ہے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کا فائنل 8 مارچ کو کھیلا جائے گا، اور پاکستانی شائقین کو امید ہے کہ گرین شرٹس ایک بار پھر تاریخ رقم کریں گے۔


















