Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ٹی 20 ورلڈ کپ، سری لنکا کے ہاتھوں آئرلینڈ کو 20 رنز سے شکست

کوشل نے 56 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ کمیندو نے 44 رنز جوڑ کر اسکور کو مضبوط بنیاد فراہم کی

 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے ایک اہم مقابلے میں سری لنکا نے منظم کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آئرلینڈ کو 20 رنز سے شکست دے کر قیمتی پوائنٹس سمیٹ لیے۔

 آر پریماداسا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آئرش کپتان پاؤل اسٹرلنگ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، تاہم یہ حکمت عملی زیادہ کارگر ثابت نہ ہو سکی۔

سری لنکن بیٹنگ لائن نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 163 رنز اسکور کیے۔ کوشل نے 56 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ کمیندو نے 44 رنز جوڑ کر اسکور کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔

آئرلینڈ کی جانب سے جارج اور بیری نے دو، دو جبکہ مارک اور گریتھ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

164 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آئرلینڈ کی ٹیم دباؤ کا شکار دکھائی دی اور 19.5 اوورز میں 143 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ ہیری ٹکٹر 40 اور روز اڈائر 34 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، مگر ٹیم کو فتح نہ دلوا سکے۔

 سری لنکا کی جانب سے مہیش اور ونیندو نے تین، تین جبکہ متھیشا نے دو وکٹیں حاصل کر کے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔