لاہور: میڈیا پر چلنے والی بے بنیاد خبروں اور منفی پروپیگنڈے پر قومی ہاکی ٹیم کے کپتان عماد بٹ نے ردعمل دے دیا۔
قومی ہاکی ٹیم کے کپتان عماد بٹ نے میڈیا پر چلنے والی بے بنیاد خبروں اور منفی پروپیگنڈے کی سختی سے تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ قومی ٹیم مکمل طور پر متحد ہے اور بیرون ملک پاکستان کی نمائندگی پر فخر محسوس کرتی ہے۔
عماد بٹ کا کہنا تھا کہ کھلاڑی ملک کا نام روشن کرنے کے لیے پُرعزم ہیں اور ٹیم کے اندر کسی قسم کے اختلافات یا مسائل سے متعلق خبریں حقیقت پر مبنی نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ قومی جرسی پہننا ہر کھلاڑی کے لیے اعزاز ہے اور تمام کھلاڑی اپنی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہیں۔
پی ایچ ایف کی مثبت اور ذمہ دارانہ رپورٹنگ کی اپیل
دوسری جانب پاکستان ہاکی فیڈریشن نے بھی میڈیا سے مثبت کردار ادا کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ قومی ہیروز کی حوصلہ افزائی وقت کی اہم ضرورت ہے اور غیر مصدقہ خبروں سے ٹیم کے مورال پر منفی اثر پڑسکتا ہے۔
پی ایچ ایف نے ذمہ دارانہ رپورٹنگ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ قومی ٹیم کے حوصلے بلند رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
فیڈریشن کے مطابق کھلاڑی ملک و قوم کی امیدوں پر پورا اترنے کے لیے دن رات محنت کررہے ہیں اور انہیں مکمل سپورٹ فراہم کی جانی چاہیے۔
عماد بٹ نے اپنے پیغام میں شائقینِ ہاکی سے بھی اپیل کی کہ وہ ٹیم کا ساتھ دیں اور مثبت سوچ کے ساتھ قومی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کریں تاکہ پاکستان ہاکی ایک بار پھر عالمی سطح پر نمایاں مقام حاصل کرسکے۔



















