کولمبو: کرکٹ شائقین کی انتظار کی گھڑیاں ختم ہونے کو ہیں کیونکہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2026ء میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آج کچھ ہی گھنٹوں میں کولمبو میں آمنے سامنے ہوں گی۔
ٹی 20 ورلڈ کپ کے سب سے بڑے اور ہائی وولٹیج مقابلے کا کاؤنٹ ڈاؤن شروع ہوتے ہی شائقین میں جوش و خروش عروج پر پہنچ گیا ہے اور دونوں ٹیموں کے مداح بےتابی سے میچ کا انتظار کر رہے ہیں۔
پاکستانی وقت کے مطابق یہ بڑا میچ پریماداسا اسٹیڈیم میں آج شام 6 بج کر 30 منٹ پر شروع ہوگا۔
پاکستانی ٹیم بڑے معرکے کی تیاریوں کیلئے کولمبو میں ڈیرے ڈال چکی ہے، جہاں شاہینوں نے بھرپور ٹریننگ سیشنز میں حصہ لیا۔
دوسری جانب بھارتی ٹیم نے بھی کولمبو میں پریکٹس سیشن کے ذریعے میچ کی تیاری مکمل کر لی ہے۔
ذرائع کے مطابق کولمبو میں پاک بھارت مقابلے کیلئے سیکیورٹی سمیت دیگر انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ میچ کی تمام ٹکٹیں فروخت ہوچکی ہیں جبکہ شہر کے ہوٹل مکمل طور پر فل ہوگئے ہیں، کمرے نایاب اور کرایوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
تاہم، اس سنسنی خیز مقابلے پر بارش کے سائے بھی منڈلا رہے ہیں، محکمہ موسمیات نے کولمبو میں 80 فیصد بارش کی پیشگوئی کر دی ہے اور میچ کے دوران وقفے وقفے سے بارش کے امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔
اگر میچ بارش کی نذر ہوا تو آئی سی سی قوانین کے مطابق دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ دیا جائے گا۔
















