کولمبو: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر 8 مرحلے کا میچ بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا ہے۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر 8 مرحلہ کا میچ کولمبو میں کھیلا جانا تھا ہے جو مسلسل بارش کے باعث منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا تاہم میچ کی منسوخی کے بعد دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان نے آج کے میچ کے لیے خواجہ نافع کی جگہ فخر زمان کو پلیئنگ الیون میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
ٹاس کے موقع پر قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ کوشش کریں گے اچھا اسکور بناکر دفاع کریں جب کہ نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے بتایا تھا کہ ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان کا سپر 8 مرحلے میں اگلا مقابلہ انگلینڈ سے ہوگا جو 24 فروری بروز منگل کو پالکلکے میں کھیلا جائے گا۔




















