پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے ملک میں ہاکی کے فروغ اور بحالی کے لیے اہم قدم اٹھاتے ہوئے نئی ایڈہاک گورننس اور مینجمنٹ کمیٹی کے قیام کا اعلان کر دیا ہے۔
ترجمان پی ایچ ایف کے مطابق اس اقدام کا مقصد ملک بھر میں ہاکی کے معیار کو بلند کرنا اور کھیل کو دوبارہ عروج تک پہنچانا ہے۔
پی ایچ ایف نے قومی ٹیم کے سابق کپتانوں اور اولمپئنز اصلاح الدین اور حسن سردار کو پروفیشنل ڈویلپمنٹ کمیٹی کا مشترکہ سربراہ مقرر کیا ہے۔ دونوں لیجنڈز قومی ٹیم کے انتخابی عمل اور کھلاڑیوں کے تربیتی پروٹوکولز کی نگرانی کریں گے۔
ترجمان کے مطابق طویل مدتی انتظامی ڈھانچے کے لیے انتخابی عمل پروفیشنل ایڈوائزری کمیٹی کے ذریعے مکمل کیا جائے گا، جبکہ کمیٹی کے دیگر ارکان کا تقرر اصلاح الدین اور حسن سردار کی مشاورت سے کیا جائے گا۔
خصوصی نگرانی کو یقینی بنانے کے لیے کارپوریٹ گورننس، مارکیٹنگ اور وسائل کی فراہمی کے امور کو ہاکی کے تکنیکی معاملات سے الگ کر دیا گیا ہے تاکہ پیشہ ورانہ انداز میں کام کو آگے بڑھایا جا سکے۔
گورننس کمیٹی میں فرخ عتیق، شکیل شاہ، عامر ابراہیم، غلام علی ملاح اور اکمل عزیز شامل ہیں۔ ترجمان پی ایچ ایف کے مطابق کمیٹی کے تمام ارکان اعزازی بنیادوں پر اپنی خدمات سرانجام دیں گے اور پاکستان ہاکی کی بحالی کے لیے اپنی مہارت وقف کریں گے۔
پی ایچ ایف کا کہنا ہے کہ ان اصلاحات سے کھیل میں مثبت تبدیلی آئے گی اور پاکستان ہاکی کا کھویا ہوا وقار بحال ہوگا۔


















