قومی ہاکی ٹیم کی قیادت سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آئی ہے اور اولمپیئن خواجہ جنید کو قومی ٹیم کا ہیڈ کوچ بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اولمپیئن خواجہ جنید کو اس سلسلے میں اسلام آباد طلب کرلیا گیا ہے جب کہ سابق بین الاقوامی کھلاڑی اظفر یعقوب کو اسسٹنٹ کوچ مقرر کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سلطان اشرف ٹیم کے ویڈیو تجزیہ کار کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ اس کے علاوہ فرخ عتیق خان کو قومی ہاکی ٹیم کا منیجر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق قومی ہاکی ٹیم کی نئی مینجمنٹ اور کوچنگ اسٹاف کا باضابطہ اعلان کل اسلام آباد میں کیا جائے گا۔
یہ اعلان پاکستان ہاکی فیڈریشن کے عبوری صدر محی الدین وانی کریں گے، جہاں قومی ٹیم کے آئندہ لائحہ عمل پر بھی روشنی ڈالی جائے گی۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ نئی انتظامیہ کا مقصد قومی ہاکی ٹیم کی کارکردگی میں بہتری لانا اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی کھوئی ہوئی ساکھ بحال کرنا ہے۔

















