پاکستان ہاکی فیڈریشن نے قومی ہاکی ٹیم کے لیے اہم تقرری کرتے ہوئے لیجنڈری اولمپئین سمیع اللہ خان کو چیف سلیکٹر مقرر کر دیا ہے۔
فیڈریشن کے مطابق یہ تقرری پی ایچ ایف پروفیشنل ڈویلپمنٹ کمیٹی کی سفارش پر عمل میں لائی گئی، جس میں اولمپئین حسن سردار اور اصلاح الدین صدیقی شامل تھے۔
پی ایچ ایف نے پاکستان میں ہاکی کی بحالی کے لیے جامع حکمتِ عملی بھی پیش کی ہے، جس کے تحت قومی ٹیم کا نیا اسٹرکچر تشکیل دیا جائے گا، جس میں سلیکشن کمیٹی، ہیڈ کوچ اور سپورٹ اسٹاف شامل ہوں گے جبکہ قومی و بین الاقوامی مقابلوں کے لیے باقاعدہ کیلنڈر ترتیب دیا جائے گا۔
فیڈریشن کے مطابق کوچز، امپائرز اور آفیشلز کے لیے جدید تکنیکی تعلیم و تربیت کا نظام متعارف کرایا جائے گا اور ٹیلنٹ ہنٹ مہم کے ذریعے نوجوان کھلاڑیوں کی تلاش اور تربیت کی جائے گی۔
اس کے علاوہ اسکول اور کالج سطح پر ہاکی کے فروغ، انٹر اسکول و انٹر کالجیٹ مقابلوں کی بحالی اور ہاکی کی ترقی کے لیے ہائی پرفارمنس سینٹر کے قیام کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
صدر پی ایچ ایف محی الدین وانی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان ہاکی کو دوبارہ عروج پر لے جایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سمیع اللہ خان کی قیادت میں میرٹ پر مبنی بہترین ٹیم تشکیل دی جائے گی اور اسٹیک ہولڈرز، اسپانسرز اور ہاکی برادری کے تعاون سے روڈ میپ پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔


















