کولمبو: آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر 8 مرحلے میں نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو شکست دے دی ہے جس کے بعد پاکستان کے لیے مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔
نیوزی لینڈ اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر 8 مرحلے کا میچ کولمبو میں کھیلا گیا جس میں نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو 61 رنز سے باآسانی شکست دے دی۔
سری لنکا 169 رنز کے تعاقب میں 8 وکٹوں کے نقصان پر صرف 107 رنز ہی بناسکا، کمنڈومینڈس 31 اور دونیتھ ویلالگے 29 رنز بناسکے۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ نے پہلے کھیل کر 6 وکٹوں کے نقصان پر پر 168 رنز اسکور کیے تھے، کیوی بلے بازوں نے آخری 4 اوور میں 70 رنز اسکور کیے۔
کپتان مچل سینٹنر 47، کول میک کونکی 31 رنز بناکر نمایاں رہے جب کہ رچن رویندرا 32، فن ایلن 23، گلین فلپس نے 18 رنز بنائے۔
علاوہ ازیں ٹم سائفرٹ 8، ڈیرل مچل 3، چیپ مین بغیر کوئی رن بنا کر آؤٹ ہوئے، سری لنکا کی جانب سے مہیش تھیک شناکا نے 3 وکٹیں حاصل کیں جب کہ دشمن تھا چمیرا نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
خیال رہے کہ سری لنکن ٹیم سپر 8 مرحلے کے دونوں میچز ہار گئی ہے جب کہ اس شکست کے بعد میزبان ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل کی دوڑ سے بھی باہر ہوگئی ہے۔
دوسری جانب نیوزی لینڈ کی جیت نے پاکستان کے لیے بھی مشکلات بڑھادیں ہیں کیونکہ پاکستان سری لنکا کو ہرا کر بھی نیوزی لینڈ پر انحصار کرے گا جب کہ نیوزی لینڈ 3 پوائنٹس کے ساتھ گروپ 2 میں دوسرے نمبر پر آگیا ہے۔



















