Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں ناقص کارکردگی؛ پی سی بی کا کھلاڑیوں پر بھاری جرمانے پر غور

پی سی بی کا کھلاڑیوں کی موجودہ کارکردگی پر ناراضگی کا اظہار۔

لاہور: ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں تسلی بخش کارکردگی نہ دکھانے والے قومی کھلاڑیوں پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے بھاری جرمانے عائد کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں تسلی بخش کارکردگی نہ دکھانے والے ہر کھلاڑی پر 50 لاکھ روپے جرمانہ عائد کرنے کی تجویز پر غور کررہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت کے خلاف اہم میچ میں شکست کے بعد پی سی بی حکام نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے ہنگامی مشاورت کی ہے جب کہ اس مشاورت میں آئندہ کے لیے لائحہ عمل طے کرنے کے ساتھ ساتھ موجودہ کارکردگی پر ناراضگی کا اظہار بھی کیا گیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام کا دوٹوک مؤقف ہے کہ آئندہ کارکردگی ہی مالی مراعات کا واحد معیار ہوگی۔ بورڈ نے کھلاڑیوں کو واضح پیغام دے دیا ہے کہ مزید کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی اور خراب کارکردگی پر سخت احتساب کا عمل جاری رہے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ صرف کھلاڑی ہی نہیں بلکہ ٹیم مینجمنٹ کو بھی کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ تمام کوچنگ اسٹاف اور سپورٹ اسٹاف کو واضح کردیا گیا ہے کہ آئندہ سیریز میں کارکردگی میں نمایاں بہتری لائی جائے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ جرمانے اور دیگر اقدامات کے حوالے سے حتمی فیصلے کا اعلان جلد متوقع ہے۔

واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی کارکردگی پر شائقین کرکٹ کی جانب سے شدید تنقید کی جارہی ہے اور متعدد حلقوں کی جانب سے کھلاڑیوں کے احتساب کا مطالبہ بھی کیا جارہا ہے۔