ہاکی ورلڈ کپ کوالیفائر میں پاکستان کی قومی ٹیم نے ملائیشیا کو 5–3 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔
یکم تا 7 مارچ تک جاری ایونٹ کے دوسرے میچ میں پاکستان کے اسٹار کھلاڑیوں رانا وحید اشرف، زکریا حیات، احمد ندیم، محمد سفیان خان اور محمد عمار نے شاندار کارکردگی دکھائی اور ایک ایک گول اسکور کیا۔
ملائیشیا کی جانب سے عبدالرؤف، احکم اللہ اور فطری ساری نے گول کر کے ٹیم کے لیے مقابلہ سخت کیا، تاہم پاکستانی کھلاڑیوں نے بہترین ٹیم ورک کے ساتھ فتح یقینی بنائی۔ یہ جیت قومی ٹیم کے لیے ورلڈ کپ کی راہ میں اہم سنگ میل ثابت ہوئی۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین وانی، ایڈہاک گورننس اینڈ منیجمنٹ چیئرمینز اولمپین اصلاح الدین صدیقی، اولمپین حسن سردار اور چیف سلیکٹر سمیع اللہ خان نے ٹیم کو میچ میں شاندار کارکردگی پر مبارکباد دی اور مستقبل کے ایونٹس میں بہترین کھیل جاری رکھنے کا حوصلہ دیا۔
قومی ٹیم اپنا تیسرا میچ چار مارچ کو آسٹریا کے خلاف کھیلے گی، جس میں فتح حاصل کرنے کے ساتھ ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے کے امکانات مزید مضبوط ہو جائیں گے۔


















