کولکتہ: آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقا کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کا پہلا سیمی فائنل میچ کولکتہ میں کھیلا گیا جس میں نیوزی لینڈ نے یکطرفہ مقابلے کے بعد جنوبی افریقہ کو شکست دے دی۔
نیوزی لینڈ نے 170 رنز کا ہدف 13 ویں اوور میں حاصل کرکے جنوبی افریقا کو آؤٹ کلاس کردیا جب کہ نیوزی لینڈ کے فن ایلن نے ورلڈکپ میں تیز ترین سنچری کا ریکارڈ بھی بنایا۔
انہوں نے ناقابل شکست 100 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ ٹم سائفرٹ نے 58 رنز بنائے، جنوبی افریقا کی جانب سے واحد وکٹ کگیسورباڈا نے حاصل کی۔
اس سے قبل جنوبی افریقا نے پہلے کھیل کر 8 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنائے تھے، مارکوجانسن 30 گیندوں پر 50 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
دیگر نمایاں بیٹرز میں ڈیوالڈ بریوس 34 اور ٹرسٹن اسٹبز 29 رنز کے ساتھ شامل تھے جب کہ ایڈن مارکرم 18، کوئنٹن ڈی کوک 10 اور ڈیوڈ ملر 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہینری، مک کونکی اور رچن رویندرا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں اور حریف بیٹنگ لائن کو بڑا اسکور بنانے سے روکے رکھا۔
واضح رہے کہ ٹورنامنٹ کا دوسرا سیمی فائنل کل ممبئی میں بھارت اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔


















