Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان نے جاپان کو شکست دے کر 8 سال بعد ہاکی ورلڈ کپ میں جگہ بنا لی

ورلڈ کپ کوالیفائر کے فائنل میں پاکستان کا مقابلہ اب انگلینڈ سے ہوگا

پاکستان ہاکی ٹیم نے شاندار کم بیک کا مظاہرہ کرتے ہوئے جاپان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دے کر نہ صرف ورلڈ کپ کوالیفائر کے فائنل میں رسائی حاصل کر لی بلکہ آٹھ سال بعد ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ میں شرکت بھی یقینی بنا لی۔

مصر کے شہر اسماعیلیہ میں کھیلے گئے سیمی فائنل میں پاکستان اور جاپان کے درمیان کانٹے دار مقابلہ دیکھنے میں آیا۔ پہلے ہاف تک دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ ایک، ایک گول سے برابر رہا۔

تیسرے کوارٹر میں جاپان نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 3-1 کی برتری حاصل کر لی، تاہم آخری کوارٹر میں قومی ٹیم نے شاندار واپسی کرتے ہوئے مسلسل تین گول اسکور کر کے میچ کا پانسہ پلٹ دیا اور فتح اپنے نام کر لی۔

پاکستان کی جانب سے محمد عماد، ابوبکر محمود، محمد سفیان خان اور افراز نے ایک، ایک گول اسکور کیا جبکہ محمد عماد کو شاندار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

میچ کے اختتامی لمحات میں قومی ٹیم کے گول کیپر علی رضا نے جاپان کا اہم پنالٹی اسٹروک روک کر پاکستان کی جیت پر مہر ثبت کر دی۔

قومی ٹیم کی کامیابی پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین وانی، ایڈہاک گورننس و مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین اولمپین اصلاح الدین صدیقی، اولمپین حسن سردار اور چیف سلیکٹر سمیع اللہ خان نے کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ٹیم فائنل میں بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔

ورلڈ کپ کوالیفائر کے فائنل میں پاکستان کا مقابلہ اب انگلینڈ سے ہوگا۔