Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کرپشن کا الزام؛ ویسٹ انڈین کرکٹر سمیت دو ٹیم آفیشلز معطل

تینوں افراد پر بارباڈوس میں کھیلی گئی بم ٹین لیگ 2023-24 میں مبینہ کرپشن کے الزامات ہیں۔ 

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ویسٹ انڈین کرکٹر جیون سیئرلز اور دو ٹیم آفیشلز کو اینٹی کرپشن ضابطے کی خلاف ورزی پر معطل کردیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق ویسٹ انڈیز کے چترانجن راٹھور اور ٹریون گرفتھ کے ناموں پر مشتمل ان تینوں افراد پر بارباڈوس میں کھیلی گئی بم ٹین لیگ 2023-24 میں مبینہ کرپشن کے الزامات ہیں۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق راٹھور پر سی ڈبلیو آئی اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت تین الزامات عائد کیے گئے ہیں جب کہ سیئرلز پر چار الزامات ہیں۔

گرفتھ پر سی ڈبلیو آئی کوڈ کے تحت چار اور آئی سی سی کوڈ کے تحت ایک اضافی الزام عائد کیا گیا ہے۔ گرفتھ پر تحقیقات میں عدم تعاون اور ثبوت چھپانے کا بھی الزام ہے۔

تینوں افراد پر مشترکہ طور پر میچ فکسنگ یا اس کی سازش، کھلاڑیوں کو کرپشن پر اکسانے اور تفتیش میں عدم تعاون کے الزامات ہیں۔ گرفتھ اور سیئرلز پر مزید یہ الزام بھی ہے کہ انہوں نے کرپشن کی پیشکشوں کے بارے میں کرکٹ ویسٹ انڈیز کو مطلع نہیں کیا۔

آئی سی سی نے ان تینوں افراد کو ہر قسم کی کرکٹ سرگرمیوں سے فوری طور پر معطل کردیا ہے اور انہیں 11 مارچ 2026 سے 14 دن کے اندر الزامات کا جواب دینے کا موقع دیا ہے۔

یاد رہے کہ یہ تحقیقات بم ٹین لیگ میں مبینہ کرپشن کی وسیع تر تفتیش کا حصہ ہیں۔ گزشتہ ماہ امریکی کھلاڑی آرون جونز پر بھی اسی لیگ سے متعلق اینٹی کرپشن کوڈ کی پانچ خلاف ورزیوں کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔

سیئرلز اس سے قبل ویسٹ انڈیز انڈر 19 اور کیریبین پریمیئر لیگ میں ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز کی نمائندگی کرچکے ہیں جب کہ 2018 میں انڈین پریمیئر لیگ میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کا بھی حصہ رہے ہیں۔

آئی سی سی نے کہا ہے کہ تادیبی کارروائی مکمل ہونے تک اس معاملے پر مزید کوئی تبصرہ نہیں کیا جائے گا۔