Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

آل راؤنڈر حسین طلعت بنگلادیش کے خلاف دوسرے ون ڈے میں انجری کا شکار

ابتدائی معائنے کے بعد مزید تفصیلی معائنے کے لیے حسین طلعت کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

ڈھاکا: پاکستان کے آل راؤنڈر حسین طلعت بنگلادیش کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ کے دوران فیلڈنگ کرتے ہوئے انجری کا شکار ہوگئے۔

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب حسین طلعت نے فیلڈنگ کے دوران کندھے میں چوٹ محسوس کی جس کے بعد انہیں فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی۔ ٹیم کے میڈیکل اسٹاف نے میدان میں ہی ان کا ابتدائی طبی معائنہ کیا۔

ابتدائی معائنے کے بعد مزید تفصیلی معائنے کے لیے حسین طلعت کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ مکمل طبی معائنے کے بعد انجری کی نوعیت اور شدت کا تعین کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ حسین طلعت قومی ٹیم کے اہم کھلاڑی ہیں اور ان کی انجری سے ٹیم کو مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے۔

دوسری جانب دوسرے ون ڈے میں پاکستان نے بنگلادیش کو جیت کے لیے 275 رنز کا ہدف دیا ہے جس کے جواب میں بنگلادیش نے 6.3 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 27 رنز اسکور کرلیے ہیں۔

واضح رہے کہ خراب موسم کے باعث میچ کو روک دیا گیا ہے جب کہ گراؤنڈ کو بھی کور کردیا گیا ہے۔