Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سعودی عرب اور بحرین میں ہونے والی فارمولا ون کی ریسز منسوخ ہونے کا امکان

ہم صورتحال کو قریب سے دیکھ رہے ہیں، حفاظت اور بہبود ہمارے فیصلوں کی بنیاد ہوگی، ایف آئی اے

مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث اگلے ماہ بحرین اور سعودی عرب میں منعقد ہونے والی ریسز کا منسوخ ہونے کا امکان ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ فیصلہ اگلے 48 گھنٹوں میں باضابطہ طور پر سنایا جاسکتا ہے۔ بحرین میں 12 اپریل اور سعودی عرب میں 19 اپریل کو ریسز ہونی تھیں۔ علاقے میں جاری امریکا اسرائیل اور ایران کے درمیان کشیدگی کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

فارمولا ون حکام نے اس حوالے سے باضابطہ تصدیق نہیں کی تاہم غیر ملکی خبر رساں ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ جاری کشیدگی کے پیش نظر یہ فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ سامان کی ترسیل اگلے ہفتے مشرق وسطیٰ بھیجنا تھی جس کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

فارمولا ون نے ان ریسوں کے متبادل کے طور پر استنبول، پورٹیماؤ یا امولا کو دیکھا تھا لیکن اتنے کم وقت میں یہ ممکن نہیں ہوسکا۔

انٹرنیشنل آٹوموبائل فیڈریشن (ایف آئی اے) کے صدر محمد بن سلیم کا کہنا ہے کہ فیصلے میں ’’حفاظت اور بہبود‘‘ کو ترجیح دی جائے گی۔

انہوں نے انسٹاگرام پر لکھا ’’ہم اپنے ممبر کلبز، چیمپئن شپ پروموٹرز، ٹیموں اور ساتھیوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور صورتحال کو قریب سے دیکھ رہے ہیں۔ حفاظت اور بہبود ہمارے فیصلوں کی بنیاد ہوگی‘‘۔

انہوں نے مزید کہا ’’جانوں کے نقصان پر بے حد دکھ ہے۔ میں متاثرہ خاندانوں اور کمیونٹیز کے ساتھ کھڑا ہوں اور امن، حفاظت اور استحکام کی واپسی کی امید کرتا ہوں‘‘۔