Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر آئی سی سی کی سلمان علی آغا کو سرزنش

سلمان علی آغا نے اس میچ میں 64 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔

ڈھاکا: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بنگلادیش کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر پاکستانی آل راؤنڈر سلمان علی آغا کی باضابطہ سرزنش کی اور ڈسپلنری ریکارڈ میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ کا بھی اضافہ کردیا۔

پاکستان اور بنگلادیش کی ٹیموں کے درمیان جمعرات کو شیر بنگلا نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے دوران ایک واقعہ پیش آیا۔

پاکستان کی اننگز کے 39 ویں اوور میں محمد رضوان کی طرف سے کھیلی گئی گیند واپس آکر نان اسٹرائیکر اینڈ پر موجود سلمان آغا کے قریب جا رکی۔

بنگلادیشی کپتان مہدی حسن میراز نے گیند کو روکا اور اٹھاکر وکٹیں گرادیں جس سے سلمان علی آغا رن آؤٹ ہوگئے۔

اس غیر معمولی رن آؤٹ سے مشتعل ہوکر سلمان آغا نے پویلین واپسی کے دوران اپنے بیٹنگ گلوز اور ہیلمٹ غصے میں زمین پر پھینک دیے۔

آئی سی سی نے ان پر کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.2 کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا ہے جو بین الاقوامی میچ کے دوران کرکٹ کا سامان یا زمینی سازوسامان کے نامناسب استعمال سے متعلق ہے۔

آن فیلڈ امپائرز ایڈریان ہولڈ اسٹاک اور تنویر احمد نے تھرڈ امپائر کمار دھرماسینا اور فورتھ امپائر مسعود الرحمٰن مکول کے ساتھ مل کر یہ چارج عائد کیا ہے۔

سلمان آغا نے میچ ریفری نیامور راشد رحول کی تجویز کردہ سزا قبول کرلی جس کے بعد باقاعدہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔

یاد رہے کہ اس میچ میں پاکستان نے بنگلادیش کو 128 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کردی تھی۔ پاکستان کی جانب سے اوپنر معاذ صادق نے 75 اور سلمان علی آغا نے 64 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔

سلمان آغا کی اننگز اسی رن آؤٹ پر ختم ہوئی تھی جس کے بعد ان کا غصہ دیکھنے میں آیا تاہم ان کی اس اننگز کی بدولت پاکستان 274 رنز کا ہدف فراہم کرنے میں کامیاب رہا تھا۔

واضح رہے کہ سیریز کا فیصلہ کن تیسرا اور آخری ون ڈے میچ اتوار کو کھیلا جائے گا۔