لاہور: کرکٹ کے لیے گراں قدر خدمات کے اعتراف میں پی سی بی نے سابق کپتان سرفراز احمد کو اعزازی شیلڈ پیش کردی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے سابق کپتان سرفراز احمد سے ملاقات کی اور انہیں اعزازی شیلڈ پیش کرتے ہوئے کرکٹ کے لیے ان کی گراں قدر خدمات کو سراہا۔
سرفراز احمد نے حال ہی میں بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ چیئرمین پی سی بی نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کرکٹ ہمیشہ سرفراز احمد کے احسانات کی مقروض رہے گی اور ان کے تجربے اور صلاحیتوں سے آئندہ بھی استفادہ کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ سرفراز احمد کا کرکٹ کیریئر کئی اعزازات سے بھرپور رہا۔ انہوں نے 54 ٹیسٹ، 117 ون ڈے اور 61 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے۔ ان میچز میں مجموعی طور پر 6164 رنز بنائے جب کہ 315 کیچز اور 56 اسٹمپ بھی کیے۔
ان کی کپتانی میں پاکستان نے 2017 میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیتی۔ اس کے علاوہ وہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں پاکستانی ٹیم کو عالمی نمبر ون رینک تک لے جانے والے کپتان بھی ہیں۔
سرفراز احمد پاکستان کے واحد کپتان ہیں جنہوں نے جونیئر اور سینئر سطح پر آئی سی سی ٹائٹل جیتا۔ انہیں 2018 میں حکومت پاکستان کی جانب سے پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا۔




















