کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود اور حقوق کے معاملے میں دنیا کی بڑی کرکٹ لیگز کی نئی درجہ بندی نے سب کو حیران کر دیا۔
عالمی کرکٹرز تنظیم کی جانب سے جاری فہرست میں دی ہنڈرڈ کو سرفہرست قرار دیا گیا ہے، جہاں کھلاڑیوں کو بہترین سہولیات اور حقوق فراہم کیے جا رہے ہیں۔
فہرست میں دوسرے نمبر پر ایس اے 20 رہی، جبکہ بھاری مالی طاقت رکھنے والی انڈین پریمیئر لیگ تیسرے نمبر پر آ گئی۔
رپورٹ کے مطابق اگرچہ اس لیگ کو ادائیگیوں اور مالی استحکام میں مکمل نمبر ملے، لیکن کھلاڑیوں کے حقوق، تنظیم سازی کی آزادی اور تنازعات کے حل کے نظام میں کمزوریاں سامنے آئیں۔
حیران کن طور پر بگ بیش لیگ چوتھے نمبر پر رہی، جبکہ پاکستان سپر لیگ پانچویں پوزیشن پر موجود ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ درجہ بندی اس بات کا واضح اشارہ ہے کہ اب صرف پیسہ ہی نہیں بلکہ کھلاڑیوں کے حقوق اور سہولیات بھی کسی لیگ کی اصل طاقت بن چکی ہیں۔




















