Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ومبلڈن ٹینس کو بھی جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا

شائقین کے لیے بھی ایک نئی سہولت متعارف کرائی جا رہی ہے

دنیا کے سب سے قدیم، معتبر اور باوقار ٹینس ٹورنامنٹ ومبلڈن چیمپئن شپ میں اس سال ایک بڑی ٹیکنالوجیکل تبدیلی متعارف کرانے کا اعلان کر دیا گیا ہے، جس کے بعد کھلاڑی اب چیئر امپائر کے بعض فیصلوں کو بھی چیلنج کر سکیں گے۔

یہ نیا نظام پہلے ہی یو ایس اوپن اور آسٹریلین میں استعمال ہو رہا ہے اور اب پہلی بار ومبلڈن میں بھی اسے شامل کیا جا رہا ہے۔

اس ٹیکنالوجی کے تحت کھلاڑی مخصوص فیصلوں جیسے گیند کے ڈبل باؤنس ہونے یا راکٹ سے لگنے کے معاملے پر ویڈیو ریویو کی درخواست کر سکیں گے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اس بار ریویو کی تعداد پر کوئی پابندی نہیں ہوگی یعنی کھلاڑی جتنی بار چاہیں امپائر سے فیصلے کا دوبارہ جائزہ لینے کا مطالبہ کر سکیں گے۔

تاہم الیکٹرانک لائن کالنگ  کے فیصلوں کو چیلنج نہیں کیا جا سکے گا جو گزشتہ سال آل انگلینڈ لان ٹینس اور کروکٹ کلب نے متعارف کروا کر 147 سالہ لائن ججز کے نظام کا خاتمہ کر دیا تھا۔

حالیہ مثال میں ڈینل میدودیو نے جیک ڈریپر کے خلاف ویڈیو ریویو کا استعمال کیا جہاں امپائر نے ری پلے دیکھ کر ہنڈرنس کا فیصلہ دیا، جس نے اس نئے نظام کی اہمیت کو مزید اجاگر کیا۔

شائقین کے لیے بھی ایک نئی سہولت متعارف کرائی جا رہی ہے جس کے تحت اسکور بورڈز پر بصری اشارے شامل کیے جائیں گے تاکہ یہ واضح ہو سکے کہ گیند اِن ہے یا آؤٹ، جیسا کہ اس سال آسٹریلین اوپن میں نیٹ پوسٹس سرخ روشنی کے ذریعے یہ اشارہ دے رہے تھے۔

مزید برآں، کوالیفائنگ راؤنڈز کے لیے روزانہ تماشائیوں کی گنجائش 3,500 سے بڑھا کر 4,000 کر دی گئی ہے، جس سے شائقین کو مزید قریب سے ایکشن دیکھنے کا موقع ملے گا۔