Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

مشرق وسطیٰ بحران، پی ایس ایل کراچی اور لاہور میں بند دروازوں کے پیچھے ہو گا، محسن نقوی

پی ایس ایل 2026 کی افتتاحی تقریب بھی منسوخ کر دی گئی ہے

لاہور میں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا انعقاد 26 مارچ سے شیڈول کے مطابق ہوگا، تاہم مشرق وسطیٰ کے موجودہ حالات کے باعث تمام میچز بغیر شائقین کے کرائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے حوالے سے کئی دنوں سے مشاورت جاری تھی اور خطے میں جاری کشیدہ صورتحال کے پیش نظر اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔

محسن نقوی کے مطابق ابتدائی طور پر ٹورنامنٹ کے میچز صرف کراچی اور لاہور میں منعقد ہوں گے جبکہ پشاور میں اس بار کوئی میچ نہیں کھیلا جائے گا۔

چیئرمین پی سی بی نے بتایا کہ سیکیورٹی اور دیگر حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے اسٹیڈیم میں شائقین کے داخلے پر پابندی ہوگی اور افتتاحی تقریب بھی منسوخ کر دی گئی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ جن شائقین نے پہلے ہی ٹکٹ خرید لیے ہیں، انہیں مکمل رقم واپس کی جائے گی۔

محسن نقوی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے توانائی بحران کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے ہیں اور اگر سبسڈی نہ دی جاتی تو ڈیزل کی قیمت 512 روپے تک پہنچ سکتی تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ عالمی سطح پر تیل کا بحران جاری ہے اور اسی وجہ سے حالات غیر یقینی کا شکار ہیں۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ فرنچائزز کو مالی نقصان سے بچانے کے لیے پی سی بی گیٹ منی خود ادا کرے گا، جبکہ ٹیموں کی نقل و حرکت کم سے کم رکھنے کے لیے نیا شیڈول بھی جاری کیا جائے گا۔

چیئرمین پی سی بی نے امید ظاہر کی کہ خطے کی صورتحال جلد بہتر ہو جائے گی، جس کے بعد شائقین کو دوبارہ اسٹیڈیم میں میچز دیکھنے کی اجازت دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ اگلے سال پشاور میں ایک سے زائد میچز رکھے جائیں گے تاکہ وہاں کے شائقین کو بھی کرکٹ دیکھنے کا موقع مل سکے۔