لاہور میں پاکستان سپر لیگ کے 11ویں ایڈیشن کے دوران لاہور قلندرز کے کھلاڑی مبینہ طور پر سیکیورٹی پروٹوکول کی خلاف ورزی میں ملوث پائے گئے ہیں، جس پر حکام نے نوٹس لے لیا۔
ذرائع کے مطابق ٹیم ہوٹل میں قیام کے دوران کپتان شاہین شاہ آفریدی اور غیر ملکی آل راؤنڈر سکندر رضا نے پی سی بی سیکیورٹی اسٹاف کی ہدایات کو نظر انداز کرتے ہوئے رات گئے چار مہمانوں کو اپنے کمرے میں بلایا۔
بتایا گیا ہے کہ دونوں کھلاڑی رات 11 بجکر 5 منٹ پر مہمانوں کو روم نمبر 865 میں لے گئے جہاں وہ تقریباً رات 1 بجکر 25 منٹ تک موجود رہے۔
اس واقعے کے بعد پنجاب پولیس کے ڈی آئی جی آپریشنز محمد فیصل نے پاکستان کرکٹ بورڈ اور پی ایس ایل انتظامیہ کو باقاعدہ خط لکھ دیا ہے۔ خط میں سیکیورٹی پروٹوکول اور کوڈ آف کنڈکٹ کی مبینہ خلاف ورزی پر فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ معاملہ حساس نوعیت کا ہے اور لیگ انتظامیہ کی جانب سے تحقیقات کے بعد ممکنہ کارروائی کی جا سکتی ہے۔

















