پاکستان سپر لیگ کے 11ویں ایڈیشن کے چوتھے روز کھیلے گئے مقابلے میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حیدرآباد کنگز مین کو 40 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں پہلی کامیابی حاصل کرلی۔
لاہور میں کھیلے گئے اس میچ میں کوئٹہ کے کپتان سعود شکیل نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تاہم آغاز ٹیم کے لیے زیادہ اچھا ثابت نہ ہوا اور وہ جلد ہی صرف 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد رائلی روسو بھی کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہو گئے۔
مشکل صورتحال میں شامل حسین اور حسن نواز نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو سنبھالا اور تیسری وکٹ کے لیے اہم شراکت قائم کی۔
شامل حسین نے ٹورنامنٹ میں اپنی دوسری نصف سنچری مکمل کرتے ہوئے 54 رنز اسکور کیے جبکہ حسن نواز نے 53 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں پہنچایا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز بنائے، جس کے جواب میں حیدرآباد کنگز مین کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں جدوجہد کرتی رہی اور 8 وکٹوں پر 134 رنز تک ہی محدود رہی۔
حیدرآباد کی جانب سے عرفان خان نے 33 اور حسان خان نے 31 رنز بنا کر مزاحمت کی، تاہم وہ ٹیم کو فتح دلانے میں ناکام رہے۔
کوئٹہ کی بولنگ بھی شاندار رہی جہاں ابرار احمد نے 3 جبکہ احمد دانیال نے 2 وکٹیں حاصل کر کے کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
یاد رہے کہ دونوں ٹیمیں ٹورنامنٹ میں اپنا دوسرا میچ کھیل رہی تھیں، جہاں پہلے مقابلے میں کراچی کنگز نے کوئٹہ کو جبکہ لاہور قلندرز نے حیدرآباد کو شکست دی تھی، تاہم اس بار گلیڈی ایٹرز نے زبردست کم بیک کرتے ہوئے میدان مار لیا۔

















