پاکستان سپر لیگ کے 11ویں ایڈیشن میں ایک اور سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے کو ملا جہاں کراچی کنگز نے آخری لمحات میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے لاہور قلندرز کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔
قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں 129 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے کراچی کنگز کو سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا، مگر ٹیم نے ہمت نہ ہاری اور آخری اوور میں ہدف حاصل کر کے میچ اپنے نام کر لیا۔
کراچی کی جانب سے محمد وسیم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 38 رنز اسکور کیے اور ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔ دیگر کھلاڑیوں میں سعد بیگ 19، معین علی 18 اور خوشدل شاہ 13 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ آخر میں اعظم خان اور عباس آفریدی نے ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے ٹیم کو فتح کی لکیر پار کرائی۔
دوسری جانب لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، تاہم ان کی محنت ٹیم کو جیت نہ دلا سکی۔ مستفیض الرحمان اور حارث رؤف نے بھی ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل لاہور قلندرز کی بیٹنگ لائن زیادہ متاثر کن کارکردگی نہ دکھا سکی اور پوری ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 128 رنز تک محدود رہی۔ عبداللہ شفیق 33 اور حسیب اللہ خان 28 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
کراچی کی جانب سے ایڈم زمپا، میر حمزہ اور معین علی نے دو، دو وکٹیں لے کر قلندرز کو بڑے اسکور سے محروم رکھا۔
یہ میچ شائقین کے لیے بھرپور سنسنی اور آخری گیند تک مقابلے کا بہترین نمونہ ثابت ہوا، جہاں جیت کا فیصلہ آخری لمحات میں ہوا۔

















