پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) الیون کے چھٹے میچ میں کراچی کنگز کے خلاف گیند سے چھیڑ چھاڑ کے معاملے پر لاہور قلندرز کے اوپنر فخر زمان کو لیول تھری آفینس کے تحت چارج کردیا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق فخر زمان پر کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا گیا ہے جس میں گیند کی حالت خراب کرنے سے متعلق شق شامل ہے۔
میچ ریفری روشن مہاناما کی زیرِ نگرانی ہونے والی ڈسپلنری سماعت میں فخر زمان نے اپنے اوپر لگائے گئے چارجز سے انکار کیا۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ اس کیس کی مزید سماعت آئندہ 48 گھنٹوں میں کی جائے گی جس کے بعد میچ ریفری فیصلہ سنائیں گے۔
دوسری جانب کراچی کنگز کے فاسٹ بولر حسن علی کو بھی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے جب کہ انہوں نے اپنی غلطی تسلیم کر لی ہے جس پر میچ ریفری نے ان پر میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ کیا۔
واضح رہے کہ یہ واقعہ لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے میچ کی دوسری اننگز کے دوران پیش آیا جس کے نتیجے میں لاہور قلندرز کو پانچ رنز کی پنالٹی بھی دی گئی۔




















